ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اپنی نئی ہارر کامیڈی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین کرتے ہوئے زخمی ہو گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فلم کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار ایک خطرناک اسٹنٹ سین کی عکس بندی کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور چوٹ لگنے کا شکار ہو گئے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا اور چوٹ کی نوعیت کیا ہے۔
اکشے کمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جو اپنے زیادہ تر ایکشن مناظر خود انجام دیتے ہیں۔ وہ اپنی جسمانی فٹنس اور مارشل آرٹس کی مہارت کے باعث انڈسٹری میں خاص پہچان رکھتے ہیں اور اکثر اپنے اسٹنٹس کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے جدید فلم سازی میں وی ایف ایکس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے کے ایکشن مناظر زیادہ حقیقی محسوس ہوتے تھے، جبکہ اب کمپیوٹر گرافکس کے باعث حقیقت کا عنصر کم ہو گیا ہے۔
فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی ہدایتکاری معروف فلم ساز پریادرشن کر رہے ہیں۔ یہ جوڑی تقریباً 15 سال بعد ایک بار پھر ایک ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل دونوں نے ’ہیرا پھیری‘، ’گرم مسالہ‘، ’بھول بھلیاں‘، ’بھاگم بھاگ‘ اور ’کھٹا میٹھا‘ جیسی کامیاب فلموں میں شاندار کام کیا ہے، جنہیں آج بھی ناظرین پسند کرتے ہیں۔