نگران وزیر اعظم،کہانی میں نیا ٹوئسٹ،صادق سنجرانی بھی میدان میں

نگران وزیر اعظم،کہانی میں نیا ٹوئسٹ،صادق سنجرانی بھی میدان میں

اسلام آباد : نگران وزیر اعظم کے  نام کے لیے کہانی میں نیا ٹوئسٹ آگیا ہے۔  صادق سنجرانی کا نام بھی گردش میں آگیا ہے۔نگران وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی آج اہم ملاقات تھی۔

اپوزیشن لیڈر  راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کیلئے صادق سنجرانی کا نام بھی تجویز کردیا  ہے۔

نگران وزیراعظم کے معاملے پر مشاورت کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض  اور وزیر اعظم  کی  ملاقات ہوئی ۔وزیر اعظم ہاؤس آمد پر صحافی نے راجہ ریاض سے سوال کیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے کتنے نام لے کر آئے ہیں؟ اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تین نام لےکر آیا ہوں۔


ذرائع کاکہنا ہےنگران وزیراعظم کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نام بھی شامل ہے جو اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ  ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے گذشتہ روز نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا تھا ۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی نام سامنے نہیں آئے ہیں۔اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگران  وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے تین دن کا وقت ہے، تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔


پارلیمانی کمیٹی تین دن کے اندر نگرا ن وزیراعظم کا نام فائنل کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا ، الیکشن کمیشن دیے گئے ناموں میں سے دو دن کے اندر نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کرے گا۔