لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ملک کی فٹبال تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے پہلی بار بوائز نیشنل ٹیم کے ساتھ ایک خاتون کو منیجر مقرر کر دیا ہے۔ عروج سہیل بٹ کو پاکستان انڈر 17 بوائز فٹبال ٹیم کا منیجر تعینات کیا گیا ہے۔
عروج سہیل اس وقت پی ایف ایف میں بطور سیف گارڈنگ آفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں، اور انہیں فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (AFC) سے سیف گارڈنگ کے حوالے سے باقاعدہ تربیت اور اسناد حاصل ہیں۔
پی ایف ایف کے مطابق یہ تقرری فیفا کی "برابر مواقع" کی پالیسی کے تحت کی گئی ہے تاکہ کھیل کے میدان میں خواتین کو بھی بااختیار بنایا جا سکے۔
پاکستان انڈر 17 ٹیم رواں سال ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (SAFF) چیمپئن شپ اور ایشین کوالیفائر میں حصہ لینے جا رہی ہے، جہاں عروج سہیل بطور منیجر ٹیم کے ساتھ ہوں گی۔
یہ فیصلہ نہ صرف خواتین کو کھیلوں میں قائدانہ کردار دینے کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ پاکستان میں کھیلوں کی دنیا میں صنفی برابری کے فروغ کا بھی مظہر ہے۔