Get Alerts

وزیراعظم سے بلوچستان کے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات

وزیراعظم سے بلوچستان کے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اکرام اللہ نے ملاقات کی، جس نے حال ہی میں راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

اکرام اللہ نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران بتایا کہ اُس نے سابقہ ملاقات میں پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو اُس نے اپنی محنت اور والدین و اساتذہ کی دعاؤں سے پورا کر دکھایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2022 میں قلعہ سیف اللہ کے دورے کے دوران اکرام اللہ سے ایک امدادی خیمے میں ملے تھے، جہاں اس باصلاحیت طالبعلم نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ وزیراعظم نے اسی وقت اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا اور بعدازاں اُسے ملک کے معروف تعلیمی ادارے لارنس کالج میں داخل کروایا۔

وزیراعظم نے یاد کرتے ہوئے کہا، "مجھے آج بھی یاد ہے کہ اُس دن سخت دھوپ تھی، اور اکرام اللہ نے سیاہ شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ اُس نے بتایا تھا کہ اُس کے علاقے میں اسکول نہیں اور بچوں کو تعلیم کے لیے بہت دور جانا پڑتا ہے۔ اُس کی آنکھوں میں تعلیم کا جذبہ تھا، جس نے مجھے متاثر کیا۔"

اکرام اللہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ، "لوگ سیاست میں بہت کچھ کرتے ہیں، لیکن آپ کا میرے ساتھ رویہ سیاست سے ہٹ کر تھا۔ آپ نے ایک پسماندہ علاقے کے طالبعلم پر یقین کیا اور مجھے ایک روشن مستقبل دیا۔ میری کامیابی آپ کی مرہون منت ہے۔"

اکرام اللہ نے مزید بتایا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور تقریری مقابلوں میں بھی حصہ لیتا ہے۔ وزیراعظم نے اس کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو سراہا اور اسے ایک خصوصی تحفہ بھی پیش کیا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ اکرام اللہ کی آئندہ تعلیم اور عملی زندگی میں مفید ثابت ہوگا۔

یہ واقعہ نہ صرف اکرام اللہ کی محنت و قابلیت کا ثبوت ہے بلکہ وزیراعظم شہباز شریف کے انسان دوست اقدامات کی بھی ایک روشن مثال ہے، جو پسماندہ علاقوں کے ہونہار طلباء کو روشن مستقبل کی راہ فراہم کرتے ہیں۔

ٹیگز: