لاہور: پاکستان کے ای سپورٹس کھلاڑی محمد زبیر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای سپورٹس ورلڈ کپ میں ’’ٹیکن 8‘‘ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں دنیا کے 32 بہترین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فیصلہ کن معرکے میں محمد زبیر نے جنوبی کوریا کے معروف گیمر لو ہائی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹائٹل جیتنے کے ساتھ محمد زبیر نے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی، جبکہ انہیں کلب چیمپئن شپ کے لیے ایک ہزار پوائنٹس بھی ملے۔
فائنل سے قبل سیمی فائنل میں بھی محمد زبیر کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، جہاں انہوں نے اپنے ہم وطن اور آٹھ مرتبہ ایوو چیمپئن شپ جیتنے والے ارسلان ایش کو 4 کے مقابلے میں 5 گیمز سے شکست دی۔
ارسلان ایش سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا کے یگامی سے بھی ہار گئے، جس کے نتیجے میں انہیں ٹورنامنٹ میں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ ارسلان ایش نے اس سے قبل لاس ویگاس میں ہونے والی 2026 ایوو چیمپئن شپ جیت کر مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
محمد زبیر کی شاندار کامیابی پر ای سپورٹس ورلڈ کپ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
’’ٹیکن‘‘ دنیا کی مقبول فائٹنگ گیمز میں شمار ہوتی ہے اور ای سپورٹس ورلڈ کپ میں اس کے علاوہ بھی متعدد معروف ویڈیو گیمز کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔