لاہور : پاکستانی ٹینس ٹیم نے آئی ٹی ایف ٹینس ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 پلس کیٹیگری میں رنرز اپ رہ کر سلور میڈل اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں پاکستان کا سامنا ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ اور مضبوط ٹیم سپین سے ہوا، جہاں قومی ٹیم کو دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصلہ کن دوسرے سنگلز میچ میں پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی عقیل خان کو سپین کے فرانسسکو جیویئر مارٹینیز بینا نے 6-4 اور 6-2 سے مات دی، جس کے ساتھ ہی سپین نے فائنل اپنے نام کرلیا۔
عقیل خان نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنگلز کے ساتھ ڈبلز مقابلوں میں بھی پاکستان کے لیے اہم فتوحات حاصل کیں۔ انہوں نے اعصام الحق قریشی کے ہمراہ ڈبلز مقابلوں میں بھی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی ٹیم نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں امریکا، کینیڈا، میزبان پرتگال اور سویڈن جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور ایونٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
جیمور ٹینس سینٹر میں منعقدہ میڈل تقریب کے دوران پاکستانی ٹیم کو سلور میڈلز کے ساتھ رنرز اپ ٹرافی بھی پیش کی گئی۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور پرتگالی ٹینس فیڈریشن کے صدور نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا، جبکہ پرتگال میں پاکستان کے سفیر پالو ڈومنگیز بھی تقریب میں موجود تھے۔
آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان کا یہ سلور میڈل اب تک کی بہترین ٹیم کارکردگی قرار دیا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم کی یہ کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، باہمی اتحاد، عزم اور ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل عمدہ کھیل کا نتیجہ ہے۔