ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے معروف اداکارہ پریٹی زنٹا کے ساتھ ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ کے سیٹ پر ہونے والی گفتگو کے دوران ان سے دلچسپ انداز میں گلہ کردیا۔
شو کے جاری کیے گئے نئے پرومو میں امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ ہر سال 31 جنوری کو پریٹی زنٹا کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہیں، تاہم اداکارہ کی جانب سے ان کے پیغامات کا فوری جواب نہیں دیا جاتا۔
پریٹی زنٹا نے بھی موقع کو مزاحیہ انداز میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ امیتابھ بچن کے پیغامات کا جواب ضرور دیتی ہیں، البتہ کبھی کبھی یہ جواب ایک ہفتے بعد پہنچتا ہے۔ ان کی اس وضاحت پر پروگرام میں موجود حاضرین بھی مسکرانے اور ہنسنے لگے۔
امیتابھ بچن نے گفتگو کے دوران اپنی ایک پرانی سوشل میڈیا پوسٹ کا بھی ذکر کیا، جس میں انہوں نے پریٹی زنٹا کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے پیغامات کا دیر سے جواب دینے پر دوستانہ انداز میں شکوہ کیا تھا۔
امیتابھ بچن اور پریٹی زنٹا اس سے قبل بھی کئی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کرچکے ہیں، جن میں ’’محبتیں‘‘، ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ اور ’’دی لاسٹ لیئر‘‘ شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شو میں دونوں فنکاروں کی یہ دوستانہ گفتگو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
واضح رہے کہ پریٹی زنٹا اور سنی دیول اپنی آنے والی فلم ’’بٹوارہ 1947‘‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ میں شریک ہوئے تھے۔