اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاک قازقستان تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سفیر یرژان کستافین کی پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے بالخصوص فروری 2026 میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سفیر کے کردار کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارت کے حجم میں اضافے، توانائی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔
قازق سفیر نے اپنے دورِ سفارت کے دوران پاکستان کی جانب سے تعاون اور معاونت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازق سفیر کے لیے آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔