دہلی : بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران بھارتی کرکٹرز کو فیملیز کے ہمراہ سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے بورڈ سے کھلاڑیوں کو فیملیز کے ساتھ لے جانے کی درخواست کی، لیکن بورڈ نے واضح طور پر کہا کہ فیملیز کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنی فیملیز کے لیے علیحدہ انتظامات کریں، مگر ٹیم سکواڈ کے اراکین کے ساتھ فیملیز کا سفر ممکن نہیں ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق، بھارت کے کھلاڑیوں کو 45 دن یا اس سے زیادہ کے دوروں پر زیادہ سے زیادہ 14 دن تک فیملیز کے ساتھ رہنے کی اجازت دی جاتی ہے، تاہم اس ایونٹ کے دوران یہ سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ بھارت اپنے گروپ مرحلے کے تین میچز اپنے ہی ملک میں کھیلے گا، لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔
یہ فیصلہ بھارت کی حالیہ باہمی سیریز کے دوران بھی دیکھا گیا تھا، جب کھلاڑیوں کو فیملیز کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی بورڈ نے 2025 کے آسٹریلیا دورے کے بعد فیملیز سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔