مری/ایبٹ آباد: ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے کر اسے ایک حسین خواب میں بدل دیا ہے۔برف کی سفید چادر، بادلوں کی اوٹ اور ٹھنڈی ہواؤں نے مری کے حسن کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ مری کے مال روڈ اور پنڈی پوائنٹ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے جو اس خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بوندا باندی نے ماحول کو انتہائی خوبصورت اور رومانوی بنا دیا ہے۔ بارش کی وجہ سے فضا میں خنکی بڑھ گئی ہے اور شہر کے گردونواح میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ایبٹ آباد اور اس کے مضافات میں رات سے جاری شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے مشکلات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ برف کی تہہ: اب تک 6 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔
شدید برفباری کے باعث مضافاتی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔ مقامی انتظامیہ برف ہٹانے اور سڑکیں بحال کرنے کے لیے متحرک ہے۔
محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بادل برسنے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔