تحریک انصاف نے آصف زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس واپس لے لیا

تحریک انصاف نے آصف زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس واپس لے لیا
کیپشن: آصف زرداری کیخلاف مصدقہ شواہد ملے ہیں اور معاملہ سپریم کورٹ لے جانا چاہتے ہیں، خرم شیر زمان۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے آصف زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس واپس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے پٹیشن واپس لینے کیلئے تحریری درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے آصف زرداری کیخلاف مصدقہ شواہد ملے ہیں اور معاملہ سپریم کورٹ لے جانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے رہنما خرم شیر زمان نے امریکا میں مبینہ فلیٹ چھپانے کے الزام میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ آصف زرداری نیویارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہے اور الیکشن کمیشن میں جمع اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں ہے۔

اثاثے چھپانا آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے زمرے میں آتا ہے جبکہ آئین کے مطابق آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے اس لئے سابق صدر کو نااہل قرار دیا جائے۔