کراچی :پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب میں منعقدہ جامع بحری مشقوں کے دوران اپنی عملی تیاری اور جنگی استعداد کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو جانچنا تھا۔
مشقوں کے دوران روایتی جنگی نظاموں کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ (Unmanned) نظاموں کی صلاحیتوں کو بھی کامیابی سے آزمایا گیا۔ مشقوں کا ایک اہم مرحلہ ورٹیکل لانچنگ سسٹم ایل وائی–80 این (LY-80N) کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ تھا۔
لائیو فائرنگ کے دوران ایل وائی۔80 این میزائل نے ایک فضائی ہدف کو درست نشانہ بنا کر کامیابی سے تباہ کیا، جس سے پاکستان نیوی کے جدید فضائی دفاعی نظام کی طویل فاصلے تک مؤثر دفاعی صلاحیتیں ثابت ہو گئیں۔
ان بحری مشقوں نے پاکستان نیوی کی ہمہ وقت تیاری، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور ملکی سمندری سرحدوں کے تحفظ کے عزم کو واضح طور پر اجاگر کیا۔