اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ہمارے خدشات تھے وہ سب سچ ثابت ہوگئے،جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں نوازشریف کو استعفا دینا چاہیے۔
جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزیروں نے انصاف کو روکنے کی بہت کوشش کی، انسان جب محنت کرتا ہے تو سچ سامنے آ ہی جاتا ہے، حکمرانوں کا قصور منی لانڈرنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ چوری کرنا کرپشن ہے،جو ملک قرض لیتا ہے وہ غلام ہو جاتا ہے۔وزیراعظم نے اداروں کو استعمال کیا،نوازشریف کا نام گاڈ فادر صحیح رکھا گیا ہے،نوازشریف خاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران آئی بی کو استعمال کرتے رہے،ادارے ہمارے منہ بند کرانے کیلئے ہم پر دباؤ ڈال رہے ہیں،اپنی چوری چھپانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کئے جا رہے ہیں،ثابت ہوچکا ہے کہ مریم نواز اصل مالک تھیں۔