پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے بارش کے باعث تاخیر کا شکار

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے بارش کے باعث تاخیر کا شکار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لارڈز: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے اور ابھی تک ٹاس بھی نہیں ہو سکا، اب یہ میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث میچ کو ایک گھنٹے بعد شروع کیا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث ٹاس میں تاخیر ہوئی جبکہ لندن کا موسم ابر آلود ہے اور مزید بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث میچ مکمل طور پر ختم ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ 
واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میں لارڈز میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور میچ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے بھی پہلے میچ والی ٹیم برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ 
یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔