اسلام آباد:سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی رہائی ان کے بچوں یا بہنوں کی مدد سے ممکن نہیں بلکہ یہ خود بانی پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قانونی مسائل کا سامنا کیسے کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے بچوں کو سیاست میں لانا چاہتے ہیں، اور اگر بچے پاکستان آ کر سیاسی سرگرمیاں کرنا چاہتے ہیں تو انہیں قانون کی حدود میں رہنا ہوگا۔
"اگر بچے قانونی دائرے میں رہ کر کام کریں گے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں، اور ان کے آنے سے کوئی سیاسی ہلچل نہیں آئے گی۔سابق وزیر اطلاعات طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو پاکستان آنا چاہیے، مگر وہ فی الحال ملک واپس آنے کے خواہاں نہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے پیپلز پارٹی کے بارے میں کہا کہ یہ ان کی اتحادی جماعت ہے اور وہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
"آصف علی زرداری ایک مدبر لیڈر ہیں اور انہوں نے حکومت کے لیے مشکلات پیدا نہیں کیں۔ خیبرپختونخواہ میں حکومت کی تبدیلی کا امکان نہیں۔"
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی خاطر بیرون ملک سے چینی منگوائی ہے اور اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں۔