وزیر اعظم قا زقستان کا دوروزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

وزیر اعظم قا زقستان کا دوروزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

لاہور: وزیراعظم قازقستان کا دوروزہ دورہ مکمل کرکے لاہور پہنچ گئے،اسلام اباد میں موسم کی خرابی کے باعث طیارے کو لاہور اتارا گیا۔ وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سترہویں اجلاس میں شرکت کرنے کیلیے قازقستان گئے تھے۔جہاں باضابطہ طور پر پاکستان کو تنظیم کی رکنیت دی گئی.

 پاکستان 2005سے تنظیم کے مبصر ملک کے طور پر کام کررہا تھا اور 2010 میں پاکستان نے تنظیم کی مکمل رکنیت کیلئے درخواست دائر کی تھی۔سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم نے قزاخستان، ازبکستان، افغانستان اور روس کے صدور کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے ان لیڈروں سے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دیگر سربراہان مملکت کے ہمراہ آستانہ میں ایکسپو2017 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال بھی ان کے ہمراہ تھے.

نواز شریف کی آج افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں  پاکستان اور افغانستان نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف خصوصی کاروائیوں کے لیے چار ملکی رابطہ گروپ (کیو سی جی ) کے علاوہ باہمی ذرائع کو استعمال کرنے اور ان کاروائیوں کو وضح کرنے و نگرانی کے لیے باہمی مشاورت سے طریقہ کار طے کرنے پر اتفاق کیا ہے. ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے افغانستان کے درالحکومت کابل میں حالیہ دہشت گرد حملوں خاص کر گذشتہ ہفتے کابل میں ٹرک خود کش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں جانی نقصان کے علاوہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام بارے اپنے وعدے پر قائم ہے، افغانستان میں امن و استحکام اور معاشی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششیں افغان بھائیوں کے لیے اسکے اپنے عزم کا معاملہ ہے .

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں