اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نئے مالی سال کے بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی، جس کے بعد فنانس بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اسی اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
ابتدائی تجاویز کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ پنشن میں 5 سے ساڑھے 7 فیصد اضافے پر غور جاری ہے۔ دفاعی بجٹ میں بھی 18 فیصد اضافہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے بعد شام 5 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جہاں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ بجٹ کا کل حجم 17 ہزار 600 ارب روپے سے زائد ہوگا اور تقریباً 2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگائے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے عام شہریوں کو بھی ممکنہ حد تک ریلیف دیا جا سکے۔