اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2025-26 میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خوشخبری، حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جب کہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں کم از کم تنخواہ (minimum wage) میں بھی اضافہ متوقع ہے، اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو مستقل بنیاد پر بنیادی تنخواہ میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو سب سے زیادہ ریلیف دیے جانے کا امکان ہے، تاہم گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کو بھی مناسب اضافے کا فائدہ ملنے کی اُمید ہے۔تنخواہ دار طبقے کو مزید سہولت دینے کے لیے انکم ٹیکس سلیب میں تبدیلی کی تجویز ہے، جس کے تحت سالانہ چھوٹ کی حد 6 لاکھ روپے سے بڑھانے پر غور ہو رہا ہے۔
ان تجاویز پر حتمی فیصلہ آج وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا، جس کے بعد بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔