لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہی علاقوں کی ترقی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے "ماڈل ویلج پروجیکٹ" کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 2400 دیہاتوں کو جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل ویلجز میں تبدیل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس اہم منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو منصوبے کی نگرانی اور عملی نفاذ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے 800 دیہاتوں کو حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کیے جائیں گے جبکہ باقی 1600 دیہاتوں کے لیے ورلڈ بینک سے مالی معاونت حاصل کی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے باقاعدہ فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
ماڈل ویلجز میں عالمی معیار کے مطابق پختہ گلیوں کی تعمیر، صفائی و ستھرائی، جدید سینیٹیشن نظام، صاف پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور ہدف ہے کہ پنجاب کے 60 فیصد سے زائد دیہاتوں کو جدید ماڈل ویلجز میں تبدیل کیا جائے تاکہ دیہی علاقوں میں معیار زندگی بہتر ہو اور مقامی معیشت، صحت و صفائی، اور انفراسٹرکچر کی ترقی کو فروغ ملے۔