ممبئی: بھارتی یوٹیوبر اور ’بگ باس او ٹی ٹی 3‘ کے سابق امیدوار ارمان ملک ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
حال ہی میں شیئر کیے گئے ایک وی لاگ میں ارمان ملک نے اپنی پہلی اہلیہ پائل ملک کے لباس سے متعلق تبصرہ کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
ویڈیو میں پائل ملک صبح کے وقت ٹی شرٹ اور شارٹس نما لباس میں نظر آئیں، جس پر ارمان ملک نے ناراضی کا اظہار کیا۔ پائل نے وضاحت کی کہ وہ اس وقت بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھیں، تاہم ارمان نے اپنی دوسری اہلیہ کرتیکا ملک کی موجودگی میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ہر وقت اسی طرح کے لباس میں رہیں گی تو شوہر کی توجہ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا، یہاں تک کہ طلاق کی نوبت بھی آ سکتی ہے۔
ارمان ملک کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ متعدد افراد نے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ اکثر پائل ملک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ کرتیکا ملک کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا ازدواجی محبت کا تعلق صرف ظاہری شکل و صورت اور لباس سے ہوتا ہے، جبکہ دیگر صارفین نے ارمان کے بیان کو نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ارمان ملک اپنی دو شادیوں اور غیر روایتی خاندانی طرزِ زندگی کے باعث اکثر سوشل میڈیا اور خبروں میں موضوعِ بحث بنے رہتے ہیں۔