Get Alerts

ایپل نے سری کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا ورژن متعارف کرا دیا

ایپل نے سری کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا ورژن متعارف کرا دیا

واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی وائس اسسٹنٹ سری (Siri) کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے، جس میں بہتر وائس ریکگنیشن اور نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ اعلان کمپنی کے سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس کے دوران کیپرٹینو ہیڈکوارٹر میں کیا گیا۔

ایپل کے مطابق اپ گریڈ شدہ سری صارفین کے سوالات کے جوابات کے لیے زیادہ گہری اور وسیع آن لائن معلومات تک رسائی حاصل کر سکے گی اور سابقہ گفتگو کو یاد رکھ کر متعلقہ تفصیلات بھی فراہم کرے گی، مثلاً پیغامات میں شامل پتے یا دیگر معلومات۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سری پہلے کے مقابلے میں زیادہ قدرتی اور واضح انداز میں گفتگو کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر آئی پیڈ پر دستیاب ہوگا، جس کے بعد اسے دیگر ڈیوائسز بشمول ایپل واچ تک توسیع دی جائے گی۔

ایپل نے بتایا کہ یہ فیچر یورپی یونین اور چین میں فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگا، جب تک وہاں ریگولیٹری منظوری کے مراحل مکمل نہیں ہو جاتے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ نئی سری کے ذریعے ہونے والی تلاش اور تصاویر ایک علیحدہ ایپ میں محفوظ ہوں گی، جو آئی فون، آئی پیڈ اور میک پر دستیاب ہوگی اور یہ نظام ایپل کے پرائیویٹ کلاؤڈ انفراسٹرکچر کے ساتھ منسلک ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی طور پر یہ سروس صرف انگریزی زبان میں پیش کی جائے گی جبکہ دیگر زبانوں کی سپورٹ بعد میں شامل کی جائے گی۔

ٹیگز: