اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت کے لیے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ڈیجیٹل سہولتوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا اور ریگولیٹری معلومات کو آسان، تیز اور مؤثر انداز میں دستیاب بنانا ہے۔نیا چیٹ بوٹ 24 گھنٹے فعال رہے گا اور صارفین کو ٹیلی کام خدمات، سم رجسٹریشن، ڈیوائس رجسٹریشن، شکایات کے اندراج اور دیگر متعلقہ امور پر فوری رہنمائی فراہم کرے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ نظام صارفین کو متعلقہ سرکاری خدمات اور خودکار پلیٹ فارمز تک بھی رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ شہری کم وقت میں درست معلومات حاصل کر سکیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ادارے کی ڈیجیٹل تبدیلی، شفافیت میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔