نیویارک: اقوام متحدہ نے ایران میں لڑکیوں کے سکول پر ہونے والے حملے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے پریس بریفنگ میں کہا کہ حملے میں طالبات کے جاں بحق ہونے کی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں اور اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ڈوجارک نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں شہری انفراسٹرکچر پر حملے اور لوگوں کی نقل مکانی میں اضافہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ توانائی کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور تمام فریقین بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جائے۔