کراچی : عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والے نمایاں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر کے صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 39 ہزار 562 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5 ہزار 316 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 62 ہزار 587 روپے تک جا پہنچی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی طلب میں اضافے کے باعث فی اونس سونے کی قیمت 62 ڈالر بڑھ کر 5 ہزار 168 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ عالمی سطح پر ہونے والے اس اضافے نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مقامی مارکیٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔