دبئی /لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ نے سیزن 10 کے بقیہ میچز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام فرنچائزز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی الحال دبئی میں ہی روکیں۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاک بھارت سیز فائر کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے، جس کے تناظر میں پی ایس ایل کے باقی میچز پاکستان میں کرانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے فرنچائزز سے رابطہ کرکے انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ مقامی کھلاڑیوں کو بھی ذہنی طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ انہیں جلد اسلام آباد میں اکٹھا ہونا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے سیزن 10 کے بقیہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کے لیے ابتدائی ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سیکیورٹی، لاجسٹک اور دیگر انتظامی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ لیگ کو کامیابی سے مکمل کیا جائے اور مداحوں کو ایک بار پھر ملک کے میدانوں میں بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔