وزیراعظم نے لوگوں کو خریدنے کیلئے فنڈز جاری کئے ، عمران خان

وزیراعظم نے لوگوں کو خریدنے کیلئے فنڈز جاری کئے ، عمران خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لوگوں کو خریدنے کیلئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر 94 ارب روپے ایم این ایز کو جاری کر دیئے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ سارے ڈیولپمنٹ فنڈز بلدیاتی اداروں کے پاس جائیں گے اور ڈسٹرکٹ میئرز کے براہ راست انتخابات کرائیں گے جس طرح لندن میں میئر کے لیے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست لوگوں کو پیسہ دے کر خریدنا ہے، ان لوگوں کی سیاست کا مقصد اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے کرپٹ افراد کو پکڑنا تھا انہوں نے اداروں کو کرپٹ بنا دیا ہے۔چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو ملک کی قیادت کرتے ہیں وہ دوسروں کے لیے مثال ہوتے ہیں لیکن آج پاکستان میں سیاست کا مقصد یہ ہے کہ اگر آپ کی ایک فیکٹری ہے تو اقتدار میں آکر 10 فیکٹریاں بنا لو، قبضہ گروپ بنا لو لیکن اب پاکستان میں پرانی سیاست نہیں چلے گی اور ایک نئی سیاست ہونے جا رہی ہے۔