ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا
کیپشن: کارکنوں کو فاروق ستار سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا۔ سابق سربراہ کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ بہادر آباد مرکز میں ہنگامی اجلاس بلا کر کیا گیا۔

کارکنوں کو فاروق ستار سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔رہنما ایم کیو ایم خواجہ اظہار الحسن کہتے ہیں کہ تنظیم کا طریقہ کار سب کو معلوم ہے اور اصولوں سے انحراف کرنے والا پارٹی میں کیسے رہ سکتا ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ، کنوینر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں فاروق ستار کے بارے میں طویل مشاورت کی گئی جس کے بعد فاروق ستار کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ اب فاروق ستار کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں رہا اس لیے اُن سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھا جائے۔

رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ 'آج علی رضا عابدی بہت خوش ہیں۔ آج کے دن سے بچنے کیلئے میں نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے علم ہوا کہ آج میری ایم کیو ایم سے 39 سالہ رفاقت کو چند ٹھیکداروں نے ختم کر دیا۔ 39 سالہ رفاقت کو آمروں ، قبضہ گیروں نے اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھایا۔ ان میں اتنی اخلاقی جرات بھی نہیں تھی کہ باقاعدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا جاتا۔