Get Alerts

پاکستان کرکٹ بورڈ کا پہلا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’پی سی بی لائیو‘ متعارف

پاکستان کرکٹ بورڈ کا پہلا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’پی سی بی لائیو‘ متعارف

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنا نیا اور پہلا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’پی سی بی لائیو‘ متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو براہِ راست میچز دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ’پی سی بی لائیو‘ بورڈ کی پہلی او ٹی ٹی (OTT) سروس ہے، جو پہلے مرحلے میں برطانیہ کے کرکٹ فینز کے لیے دستیاب ہوگی۔ شائقین اپنے اکاؤنٹس live.pcb.com.pk پر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ یہ پلیٹ فارم جلد ہی دنیا کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔ اس او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر سب سے پہلی لائیو سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جائے گی۔

مزید برآں، اکتوبر کے آخری ہفتے میں ’پی سی بی لائیو‘ کی موبائل ایپ بھی لانچ کی جائے گی، جس کے بعد صارفین موبائل فون اور دیگر اسمارٹ ڈیوائسز پر بھی میچز کا مزہ لے سکیں گے۔

پی سی بی کے مطابق اس پلیٹ فارم پر پاکستانی ٹیم کے تمام بین الاقوامی میچز (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20) کے علاوہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور منتخب ڈومیسٹک مقابلے بھی براہِ راست دکھائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ صارفین کو پی سی بی کے آرکائیو مواد، کھلاڑیوں کے انٹرویوز، دستاویزی فلمیں اور تازہ ترین خبریں بھی دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام کو پاکستان کرکٹ کی ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ میں خودمختاری کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: