Get Alerts

ادب کا نوبل انعام ہنگری کے مشہور ادیب لاسلو کراسناہورکائی کو دینے کا اعلان

ادب کا نوبل انعام ہنگری کے مشہور ادیب لاسلو کراسناہورکائی کو دینے کا اعلان

سٹاک ہوم: سویڈش اکیڈمی نے سال 2025 کا ادب کا نوبل انعام ہنگری کے مشہور ادیب لاسلو کراسناہورکائی کو دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ انہیں 1.2 ملین ڈالر کی مالی امداد بھی دی جائے گی۔

سویڈش اکیڈمی کے مستقل سیکرٹری اور ادبی ماہر ماٹس مالم نے کہا کہ کراسناہورکائی کو یہ انعام ان کی ایسی تخلیقات پر دیا جا رہا ہے جو ایک دہشت زدہ اور خوفناک ماحول میں فن کے ذریعے انسانی جذبات اور بصیرت کی طاقت کو واضح کرتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کراسناہورکائی کے ناول فلسفیانہ گہرائی رکھتے ہیں اور ان میں تاریکی کے بیچ مزاح اور حیرت بھی نمایاں ہوتی ہے۔ ان کے الفاظ قاری کو پوری طرح اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں اور بصیرت سے بھرپور ہوتے ہیں۔

لاسلو کراسناہورکائی کے کئی ناولز، جن میں ان کا مشہور ناول Satantango شامل ہے، ہنگری کے نامور فلم ڈائریکٹر بیلا ٹار نے فلم بھی کیے ہیں۔ اس ناول کی فلمی ایڈاپٹیشن 450 منٹ پر مشتمل ہے جو دنیا کی طویل ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔

71 سالہ کراسناہورکائی نے اس سے پہلے بھی متعدد بین الاقوامی ادبی اعزازات حاصل کیے ہیں، جن میں 2015 میں دیا جانے والا مین بُکر انٹرنیشنل پرائز بھی شامل ہے۔ ان کے ناولز کی خاص بات ان کے منفرد جملے ہیں جو کبھی مختصر تو کبھی طویل ہوتے ہیں مگر اپنے اندر جذبات اور خیالات کی پیچیدگی کو خوبصورتی سے پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ادب کا نوبل انعام اب تک 121 ادیبوں اور ادیباؤں کو دیا جا چکا ہے، اور یہ انعام ہر سال 10 دسمبر کو سویڈن کے شہر سٹاک ہوم اور ناروے کے اوسلو میں الفریڈ نوبل کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا جاتا ہے۔

ٹیگز: