لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں لاہور آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 183 AQI ریکارڈ کی گئی ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق آلودگی میں اضافے سے شہریوں میں سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماسک پہنیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 77 فیصد ہے، جس کے باعث موسم آج نسبتاً مرطوب رہے گا۔محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔