کیلیفورنیا : امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کراتے ہوئے ٹی وی پر ویڈیو گیمز کھیلنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین اب اپنے موبائل فون کو کنٹرولر کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بڑی اسکرین پر گیمز کھیل سکیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس کے شریک چیف ایگزیکٹو گریگ پیٹرز نے بلومبرگ کے "سکرین ٹائم کانفرنس" میں اعلان کیا کہ یہ قدم تفریح کی دنیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی مستقبل میں ایسے سوشل گیمز بھی تیار کر رہی ہے جنہیں دوست اور اہلِ خانہ مل کر کھیل سکیں۔
ابتدائی طور پر نیٹ فلکس نے چند مقبول گیمز متعارف کرائی ہیں جن میں بوگل پارٹی، ٹیٹرس ٹائم واؤرپ، پکشنری گیم نائٹ اور لیگو پارٹی شامل ہیں۔ صارفین ان گیمز کو سمارٹ ٹی وی یا روکو جیسے اسٹریمنگ ڈیوائسز پر کھیل سکیں گے، جبکہ موبائل کو کنٹرولر کے طور پر جوڑنے کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔
نیٹ فلکس کے گیمنگ ڈویژن کے سربراہ ایلین ٹاسکن کے مطابق کمپنی طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کلاؤڈ گیمنگ سسٹم کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد نیٹ فلکس کو صرف فلموں اور ڈراموں کی اسٹریمنگ سروس تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل تفریحی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے۔