Get Alerts

جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ اورمیٹروبس سروس معطل ، راستے بند اور ریڈ زون سیل

جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ اورمیٹروبس سروس معطل ، راستے بند اور ریڈ زون سیل

اسلام آباد : راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک مذہبی جماعت کی احتجاجی ریلی کے اعلان کے بعد شہر کے داخلی و خارجی راستے سخت حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیے گئے ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے مختلف حصے بھی جزوی طور پر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع میں دس روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت عوامی مقامات، گلی محلوں اور کھلے میدانوں میں چار یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ تاہم نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کی منظوری دی ہے، جو رات 12 بجے سے نافذ العمل ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے کو مراسلہ بھیجا گیا ہے۔

لاہور سے اسلام آباد موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، ساتھ ہی اسلام آباد میں موٹر وے پر انٹری پوائنٹس بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ جی ٹی روڈ کے مختلف حصے مثلاً مریدکے، چناب نگر، گجرات، جہلم پل، چکوال موڑ بند ہیں۔ گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ اور دیگر اہم راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں بھی حفاظتی اقدامات کے طور پر مختلف راستے بند کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا تفصیلی ڈائیورشن پلان جاری کیا ہے۔

تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم میٹرو بس سروس اور الیکٹرک بسیں عارضی طور پر معطل ہیں، جس کی وجہ سے طالب علموں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ 10 اکتوبر کو شہر میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ امن و امان کے پیش نظر فیض آباد کے اطراف سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جائے گا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے فضائی نگرانی کے ساتھ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھا جا سکے۔

ٹیگز: