لاہور : شہر میں راستوں کی بندش کے باعث تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں فوری طور پر چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے لا (Law) کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق سکول انتظامیہ نے والدین کو بچوں کی فوری واپسی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بندشوں اور ٹریفک مسائل کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لا کے ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں بھی چھٹی کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب، اسلام آباد میں مذہبی تنظیم کے احتجاج کے اعلان کے پیشِ نظر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ شہر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔