عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب پولیس سیاسی دباؤ سے نکال کر ایک بااختیار فورس بنائی جائے گی,گورنر پنجاب

عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب پولیس سیاسی دباؤ سے نکال کر ایک بااختیار فورس بنائی جائے گی,گورنر پنجاب

لاہور : پنجاب پولیس کو سیاسی دباؤ سے نکال کر ایک بااختیار فورس بنائی جائے گی۔ پولیس غیر جانبداررہتے ہوئے معاشرے میں اَمن و اَمان قائم کرے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان، پولیس اور دیگر اداروں نے اپنی جانوں کا جو نذرانہ پیش کیا ہے اِس پر پوری قوم کو فخر ہے۔شہداء کے لواحقین ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں پولیس کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو پنجاب پولیس گیلنٹری ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینئر صوبائی وزیرپنجاب علیم خاں، صوبائی وزیر انفارمیشن فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی، آئی جی پنجاب کلیم امام ، پولیس افسران، ریٹائرڈ پولیس افسران کے علاوہ شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو میڈلز پہنائے۔

انہوں  نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے جرائم کی بیخ کنی، عوام کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان کے قیام کے لئے اپنے خون سے بہادری، دلیری اور جوانمردی کی جو داستان رقم کی ہے وہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِن شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان قائم و دائم ہے،ہماری سرحدیں محفوظ ہیں ، دہشت گردی کا قلع قمع ہوچکا ہے اور ہم پُر اَمن ماحول میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کو ہماری افواج اور قوم نے جس بہادری سے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اس کی نظیر نہیں ملتی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ماضی میں ترقیاں اور ٹرانسفرز کسی اور جگہ سے ہوتی تھیں ، اب ایسا نہیں ہوگا۔ تمام کام میرٹ پر ہوگا، ہمارا کوئی پارلیممنٹیرین پولیس اور انتظامیہ پر تبادلوں کے لئے دباؤ نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں وزیر اعظم کسی سپاہی تک کا تبادلہ نہیں کرسکتا۔ 

آئی جی پنجاب سید امام کلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ایسا ادارہ ہے جس کے سپاہی سے لے کر آئی جی تک افسر شہید ہوئے ،یہ شہداء اور غازی ہمارا مان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان ہر روز ایک نیا چیلنج لے کر نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مَیں بطور آئی جی پنجاب اپنا آخری دن شہداء کے لواحقین اور غازیوں کے ساتھ گزارا۔