کراچی : گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چین کے دورے پر موجود ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جو نہایت سنگین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام منتخب اراکین اسمبلی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں موجود رہیں اور عوام کی ہر ممکن مدد کریں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام تیز کریں، متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور انہیں راشن، پینے کا پانی اور دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر فراہم کی جائیں۔
گورنر سندھ نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔