Get Alerts

کراچی میں طوفانی بارشوں سے اربن فلڈنگ، تھڈو ڈیم اوور فلو، ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاؤں میں تبدیل

کراچی میں طوفانی بارشوں سے اربن فلڈنگ، تھڈو ڈیم اوور فلو، ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاؤں میں تبدیل

کراچی: کراچی میں گزشتہ چند گھنٹوں سے جاری وقفے وقفے سے طوفانی بارشوں نے شہر کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ تھڈو ڈیم اوور فلو ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاؤں کی صورت اختیار کر گئی ہیں اور پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث سعدی ٹاؤن، سکیم 33، ملیر، ایم نائن، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، مچھر کالونی اور دیگر کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ ملیر اور لیاری کی ندی میں پانی کی سطح تاریخی حدوں کو چھو رہی ہے جس کے باعث قریبی آبادیوں میں رہائش پذیر لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پاک فوج اور پاکستان رینجرز کے اہلکاروں نے مل کر امدادی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ سعدی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے 10 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی ریسکیو آپریشنز میں شریک ہیں اور متاثرہ شہریوں کو مشکل سے نکالنے میں بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں۔ رینجرز کی نفری ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر الرٹ اور متحرک ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 8 سے 9 گھنٹوں میں مزید موسلا دھار اور تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو کر 11 ستمبر کو بلوچستان کے ساحل پر ختم ہو جائے گا۔ اس وقت کراچی کے شمال میں تیز بارش برسانے والے بادل موجود ہیں جو شہر میں مزید بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات بھر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملیر ندی میں پانی کے بہاؤ کو انتہائی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ اس سطح کا پریشر پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ میئر نے انتظامیہ، پاک فوج اور رینجرز کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد شہری جانوں کو نقصان سے بچانا ہے اور امید ہے کہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح میں کمی آئے گی۔ اب تک 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھڈو ڈیم کے پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے اور عوام کو صورتحال سے باخبر رکھنے کے لیے خصوصی حکمت عملی اپنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھڈو ڈیم کے سپل وے سے بہنے والے پانی میں ایک گاڑی بہہ گئی تھی جس میں سوار 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں، نکاسی آب کی صورت حال پر نظر رکھیں اور ریسکیو ٹیموں کے تعاون کریں۔ متاثرہ علاقوں میں سفر سے گریز کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں تاکہ ریسکیو آپریشنز میں آسانی ہو۔

ٹیگز: