Get Alerts

کراچی: گڈاپ میں ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، 2 کی لاشیں برآمد

کراچی: گڈاپ میں ندی میں 7 افراد ڈوب گئے، 2 کی لاشیں برآمد

کراچی : کراچی کے علاقے گڈاپ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو گاڑیاں ندی میں ڈوبنے کے باعث 7 افراد پانی میں بہہ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، اب تک ایک خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ باقی پانچ افراد کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور پاک فوج کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ "کونکر ندی" میں پیش آیا، جہاں بارش اور تھڈو ڈیم و لٹھ ندی سے آنے والے سیلابی ریلوں نے ندیوں کو خطرناک حد تک بپھرا دیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گڈاپ سٹی سے خمیسو گوٹھ تک کا راستہ منقطع ہوچکا ہے اور اب تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر امداد فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب، جام گوٹھ ملیر کے مقام پر زیر تعمیر شاہراہ بھٹو کا ایک حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے، جب کہ ایم نائن موٹر وے پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث پہلے ٹریفک بند کی گئی، پھر دیوار توڑ کر متبادل راستہ فراہم کیا گیا۔

اب تک مجموعی طور پر 350 سے زائد افراد، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔

ٹیگز: