Get Alerts

  مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران جنگ ختم ہوجائے گی، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

  مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران جنگ ختم ہوجائے گی، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی، جبکہ انہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی تیزی سے کم ہونے کی پیشگوئی کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے مختصر گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران مزید جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگا کیونکہ وہ مزید مقابلہ نہیں کرسکتا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے فوراً بعد تیل کی قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آنے والی ہیں۔

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ کسی نئے معاہدے میں فی الحال دلچسپی نہ ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم انہوں نے مذاکرات کا امکان مسترد نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مذاکرات کا انتظار نہیں کر رہا، لیکن ایران کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔

ایرانی جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تہران کی خواہش جوہری ہتھیار حاصل کرنا ہے اور اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار آگئے تو پوری دنیا مشکل میں پڑ جائے گی۔

انہوں نے ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ اب میز پر ایسے کئی معاملات آسکتے ہیں جو تین ماہ قبل زیر بحث نہیں تھے۔

واضح رہے کہ امریکا میں مڈٹرم انتخابات 3 نومبر 2026 کو ہوں گے، جن میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں جبکہ سینیٹ کی تقریباً ایک تہائی نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔

ٹیگز: