Get Alerts

رستمِ پاکستان جھارا پہلوان کو دنیا سے رخصت ہوئے 35 برس بیت گئے

 رستمِ پاکستان جھارا پہلوان کو دنیا سے رخصت ہوئے 35 برس بیت گئے

لاہور: رستمِ پاکستان اور فخرِ پاکستان جھارا پہلوان کو دنیا سے رخصت ہوئے 35 برس بیت گئے۔ پاکستان کی کشتی کے عظیم نام جھارا پہلوان نے اپنے شاندار کیریئر میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعدد کامیابیاں حاصل کیں۔

محمد زبیر عرف جھارا پہلوان نے پہلوانی کے میدان میں ایسی دھاک بٹھائی کہ حریف ان کے سامنے بے بس دکھائی دیتے تھے۔ وہ اپنے کیریئر کے 60 سے زائد ملکی و بین الاقوامی مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہے۔

1979 میں جاپانی ریسلنگ لیجنڈ انوکی کے ساتھ جھارا پہلوان کا یادگار مقابلہ ہوا۔ پانچ راؤنڈز پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد انوکی نے جھارا پہلوان کا ہاتھ بلند کرکے انہیں فاتح قرار دیا، جس کے بعد جھارا پہلوان کو عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل ہوئی۔

جھارا پہلوان کا تعلق پاکستان کے معروف پہلوان خاندان سے تھا۔ وہ اسلم پہلوان کے صاحبزادے، بھولو پہلوان کے بھتیجے اور امام بخش پہلوان کے پوتے تھے۔ انہیں ’’رستمِ پاکستان‘‘ اور ’’فخرِ پاکستان‘‘ کے خطابات سے بھی نوازا گیا۔

کامیابیوں سے بھرپور جھارا پہلوان کی زندگی کا سفر زیادہ طویل نہ ہوسکا اور وہ صرف 31 برس کی عمر میں 10 ستمبر 1991 کو لاہور میں انتقال کرگئے۔ پاکستانی کشتی کی تاریخ میں جھارا پہلوان کا نام آج بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔

ٹیگز: