Get Alerts

شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس، تجارت آسان بنانے کیلئے اہم فیصلے

شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس، تجارت آسان بنانے کیلئے اہم فیصلے

اسلام آباد(جاویدنور)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کے پہلے اجلاس میں تجارت کے فروغ، کاروباری لاگت میں کمی اور تجارتی عمل کو آسان بنانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تجارت کا فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے تجارتی عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے زیادہ حجم کی حامل بندرگاہوں پر تمام متعلقہ اداروں کو ایک ہی مقام پر سہولیات فراہم کرنے اور مشترکہ انسپیکشن و پروفائلنگ کا نظام فروغ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام نان ٹیرف اقدامات کا جامع آڈٹ کرکے غیر ضروری تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی بندرگاہوں تک براہِ راست شپنگ لائنز لانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی خریداروں تک ترسیل مزید تیز اور آسان ہوگی۔

اجلاس میں قومی تجارتی کارکردگی انڈیکس تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، جس میں کارگو ڈویل ٹائم، کسٹمز کلیئرنس، لاجسٹکس، شپ کلیئرنس اور دیگر اہم اشاریوں کی پیمائش کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز کا تجارت میں حصہ بڑھانے، رسک مینجمنٹ نظام کو مؤثر بنانے اور کارگو کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہائی رسک کارگو کی تفصیلی جانچ اور دیگر کارگو کے لیے جدید نظام اپنانے پر زور دیا۔

شہباز شریف نے تجارتی عمل اور رسک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں رواں مالی سال کے اختتام تک 30 فیصد پری ارائیول کلیئرنس، گرین چینل کا حصہ 65 فیصد اور مجاز اقتصادی آپریٹرز کی تعداد 50 سے زائد کرنے کے اہداف سے آگاہ کیا گیا، جن کی وزیراعظم نے منظوری دے دی۔

وزیراعظم نے نان ٹیرف اقدامات کے جائزے کے لیے ورکنگ گروپ کی منظوری دیتے ہوئے اسے ایک ماہ میں غیر ضروری قواعد کے خاتمے اور تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے روڈ میپ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ٹیگز: