کیلیفورنیا: میٹا کی زیر ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب پوسٹ کیے گئے کمنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کے بجائے ایڈٹ کیا جا سکے گا۔
نئے فیچر کے مطابق اگر صارف کسی کمنٹ میں غلطی کر دے تو وہ اسے حذف کرنے کے بجائے آسانی سے درست کر سکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت کمنٹ پوسٹ کرنے کے بعد صرف 15 منٹ تک دستیاب ہوگی، جس دوران صارف متعدد بار اپنے کمنٹ میں تبدیلی بھی کر سکتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا نہایت آسان ہوگا۔ کمنٹ پوسٹ کرنے کے بعد اس کے نیچے “ایڈٹ” کا آپشن ظاہر ہوگا، جس پر کلک کر کے صارف اپنی مرضی کے مطابق تبدیلی کر سکے گا۔
اگر کمنٹ میں کوئی ترمیم کی جائے گی تو اس پر “ایڈٹڈ” کا لیبل نظر آئے گا، تاہم دیگر صارفین ترمیم کی مکمل ہسٹری نہیں دیکھ سکیں گے۔
کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کمنٹ میں تصویر اور ٹیکسٹ دونوں شامل ہوں تو صرف ٹیکسٹ میں تبدیلی ممکن ہوگی۔
یہ نیا فیچر انسٹاگرام پوسٹس کے ساتھ ساتھ ریلز کے کمنٹس پر بھی دستیاب ہوگا۔