Get Alerts

چیئرمین سینیٹ سے چینی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ سے چینی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن ، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔

اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ، ہم چینی قومی مفاد کے بنیادی امور ون چائنہ پالیسی ، تائیوان ، تبت اور ہانگ کانگ کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر تنازع اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کی تعریف ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پُرعزم ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے ۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کو تائیوان کی صورتحال پر گہری تشویش ہے ۔ تائیوان کا مسئلہ سنگین ہونے کی صورت میں علاقائی امن اور استحکام متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔ یوکرین اور دیگر خطوں میں جاری تنازعات کے بعد دنیا ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔ نیا تنازعہ پیدا ہوا تو اس کے عالمی امن ، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

چینی سفیرنونگ رونگ نے کہا کہ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے ۔ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے ، اسلیے چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔ چین علاقائی امن کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا ۔

ٹیگز: