لاہور: پاکستان کے معروف اداکار اور ڈرامہ نگار محمد احمد کے فیس ٹریٹمنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
محمد احمد کا شمار پاکستان کے سینئر اور مقبول فنکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ کئی کامیاب ڈراموں کے مصنف بھی رہ چکے ہیں، جن میں ’کچھ ان کہی‘، ’بارات‘ اور ’تم سے کہنا تھا‘ شامل ہیں۔ ’میرے پاس تم ہو‘، ’عہدِ وفا‘ اور ’سن میرے دل‘ سمیت کئی ڈراموں میں بھی ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا۔
حال ہی میں اداکار نے ایک ایستھیٹکس کلینک سے تھریڈ لفٹ ٹریٹمنٹ کروایا، جس کا مقصد چہرے کی ساخت اور تازگی کو بہتر بنانا تھا۔ ویڈیو میں ٹریٹمنٹ سے قبل ڈاکٹر کو ان کے چہرے کا جائزہ لیتے اور مخصوص حصوں کی نشاندہی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
محمد احمد کے مطابق یہ عمل تقریباً بے تکلیف رہا اور وہ ٹریٹمنٹ کے دوران خود کو پُرسکون محسوس کرتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاج کے بعد انہیں اپنے چہرے میں مثبت تبدیلی محسوس ہوئی۔
اداکار کے اس اقدام پر جہاں بعض صارفین نے انہیں سراہا، وہیں کچھ افراد کا کہنا ہے کہ قدرتی عمر رسیدگی کی اپنی خوبصورتی اور وقار ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر محمد احمد کے فیس ٹریٹمنٹ کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔