اسلام آباد:پاکستان اور امریکا نے تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے فل برائٹ۔ایچ ای سی پارٹنرشپ پروگرام کی تجدید کردی ہے، جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں کے دوران 66 پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالرز کی معاونت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے معاہدے پر پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان میں قائم یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے درمیان دستخط کیے گئے ہیں۔
نئے معاہدے کی مدت مالی سال 2026-27 سے مالی سال 2031-32 تک ہوگی، جس کے تحت اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق مختلف پروگرامز کو جاری رکھا جائے گا۔ ان پروگرامز میں فل برائٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام، پوسٹ ڈاکٹریٹ اسکالرز کے لیے وزٹنگ اسکالر پروگرام، فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ایچ ہَمفری فیلوشپ پروگرام شامل ہیں۔
پارٹنرشپ کے تحت منتخب پاکستانی اسکالرز کو امریکا میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے لیے مواقع میسر آئیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان محققین اور ماہرین کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر تحقیقی و تعلیمی تجربات حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والا معاہدہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، انسانی وسائل کی ترقی، تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس شراکت داری سے پاکستان اور امریکا کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط میں وسعت آنے کی توقع ہے، جبکہ پاکستانی طلبہ، اسکالرز، اساتذہ اور مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین کے لیے بیرون ملک تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
فل برائٹ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے تعلیمی اور علمی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تجدید شدہ معاہدے کے ذریعے تحقیق، علم کے تبادلے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔