سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کلپ میں علامہ اقبال کی آواز نہیں ہے : خاندان

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کلپ میں علامہ اقبال کی آواز نہیں ہے : خاندان


لاہور:شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی بہو جسٹس (ر) ناصر ہ جاویداقبال اور پوتے منیب اقبال نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو کلپ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ علامہ اقبال کی آواز میں نہیں ہے۔


تفصیلات کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر شاعر مشرق علامہ محمداقبال کی مشہور زمانہ نظم ’’شکوہ‘‘کی آڈیو ریکارڈنگ گردش کررہی ہے جس کے بارے میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ یہ علامہ اقبال کی آواز میں ہے۔جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے تو فیض ہی حاصل نہیں ہے کہ میں نے انہیں دیکھا ہو ۔ باوجود اس کے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی متعدد ریکارڈنگز موجود ہیں لیکن علامہ اقبال کوئی ریکارڈنگ ہماری دانست میں نہیں ہے۔

علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تین روز سے پوری دنیا سے لوگ ٹیکسٹ میسجز اور پیغامات کے ذریعے پوچھ رہے ہیں لیکن ہم وضاحت کررہے ہیں کہ یہ علامہ اقبال کی آڈیو ریکارڈنگ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی چیزیں شیئر کرنے کے بجائے لوگوں کو صحیح طرح سے علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل کرنا چاہیے۔