لاہور جلسے کو کامیاب بنانے کا مشن، مریم نواز اور بلاول بھٹو آج ملاقات کرینگے

Mission to make Lahore meeting a success, Maryam Nawaz and Bilawal Bhutto will meet today
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امرا میں مریم نواز سے ملاقات کریں گے جس میں 13 دسمبر کے جلسے کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو مریم نواز سے اُن کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے۔

نیو نیوز ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان 13 دسمبر کو مینار پاکستان جلسے، لانگ مارچ اور استعفوں سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کیلئے جاتی امرا سے داتا دربار تک ریلی نکالی جس میں حکومت کے خلاف خوب گرجیں برسیں اور لاہوریوں کو مینار پاکستان جلسے میں بھرپور شرکت کرنے کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مرکزی فیصلہ ساز کمیٹیوں کا ہنگامی مشترکہ اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو (سی ای سی) اور سینٹرل ورکنگ (سی ڈبلیو سی) کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس 14 دسمبر کو ہوگا۔

سی ای سی اور سی ڈبلیو سی کا مشترکہ اجلاس دوپہر دو بجے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ہوگا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے 8 دسمبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں ووٹ چور حکومت کو اقتدار سے نکال باہر کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ آٹا چینی ووٹ چور حکومت سے عوام کی نجات کے فیصلہ کن مرحلے میں فیصلہ کن فیصلے ہوں گے۔

ادھر نیکٹا نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان لاہور میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ دہشت گردوں کا ٹارگٹ پی ڈی ایم کا جلسہ ہو سکتا ہے۔