Get Alerts

فیس بک کے نئے فیچرز: میٹا نے اپ ڈیٹس کا اعلان کر دیا

فیس بک کے نئے فیچرز: میٹا نے اپ ڈیٹس کا اعلان کر دیا

کیلیفورنیا : اگر آپ فیس بک کو دیگر سوشل میڈیا ایپس کے مقابلے میں زیادہ پسند کرتے ہیں تو خوشخبری یہ ہے کہ میٹا نے فیس بک میں نئی اپ ڈیٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ان نئی اپ ڈیٹس کا مقصد فیس بک فیڈ کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ صارفین کے لیے دلچسپ مواد کو دریافت کرنا، بنانا اور شیئر کرنا آسان ہو جائے۔ میٹا کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد فیس بک کو سادہ اور صارف دوست بنانا ہے، کیونکہ انہیں محسوس ہوا کہ فیس بک پر بہت زیادہ فیچرز ہیں جو صارفین کے لیے پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔

سب سے پہلے، فیس بک فیڈ کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اب اگر آپ ایک سے زیادہ تصاویر پوسٹ کریں گے تو فیس بک انہیں ایک اسٹینڈرڈ گرڈ میں ترتیب دے گا۔ اسی طرح جب آپ فیڈ پر کسی چیز پر کلک کریں گے تو وہ فل اسکرین میں دکھائی دے گا۔

ایک اور اہم تبدیلی یہ ہے کہ اب آپ کسی تصویر پر ڈبل کلک یا ٹاپ کر کے اسے لائیک کر سکیں گے۔

فیس بک کے سرچ رزلٹس میں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے، اور مواد کو زیادہ بہتر گرڈ لے آؤٹ میں پیش کیا جائے گا جو تمام قسم کے مواد کو سپورٹ کرے گا۔ اسی طرح، کمپنی نے نئے فل اسکرین ویور کی آزمائش بھی شروع کر دی ہے تاکہ سرچ کرتے وقت تصاویر اور ویڈیوز کو زیادہ بہتر طریقے سے تلاش کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ، فیس بک پر پوسٹ یا ریلز پر فیڈبیک دینے کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ صارفین اپنے پسندیدہ مواد کو زیادہ یا کم دیکھ سکیں۔ اس سے صارفین فیس بک کے الگورڈمز پر کچھ حد تک کنٹرول حاصل کر سکیں گے، اور یہ فیچر آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں دستیاب ہوگا۔

فیس بک کی ٹیب بار میں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے، جہاں زیادہ استعمال ہونے والے فیچرز جیسے ریلز، فرینڈز، مارکیٹ پلیس اور پروفائل کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا تاکہ ان تک رسائی تیز اور آسان ہو۔

آخر میں، کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ مینیو کے ڈیزائن کو بھی نیا اور بہتر بنایا جائے گا۔ جب آپ پروفائل میں تبدیلیاں کریں گے تو آپ کو مشترکہ دلچسپیوں کے مطابق دوستوں کی سجیشنز بھی نظر آئیں گی۔

ٹیگز: