راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یہ اقدام 26 نومبر کے احتجاج کے دوران درج مقدمے کی سماعت کے دوران کیا گیا، جس میں علیمہ خان اور ان کے وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
اے ٹی سی کے جج نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی۔ اس دوران علیمہ خان کی عدم پیشی پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس بھی جاری کیے۔ عدالت نے علیمہ خان کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا ہے، کیونکہ انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ہر سماعت پر پیش ہوں گی، لیکن اس کے باوجود وہ پیش نہ ہو سکیں۔
پراسیکیوشن نے عدالت میں علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر عدالت نے علیمہ خان کے دو ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا۔ ہر مچلکے کی قیمت 10 لاکھ روپے تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔