Get Alerts

فیض حمید کو سزا حق کی جیت ہے، فوج کا احتسابی نظام مضبوط اور شفاف ہے: عطا تارڑ

فیض حمید کو سزا حق کی جیت ہے، فوج کا احتسابی نظام مضبوط اور شفاف ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے خلاف دیا گیا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل نہایت مضبوط اور شفاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر بھی رہے اور ان کے خلاف سنایا گیا فیصلہ ’’حق اور سچ کی فتح‘‘ ہے۔

عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فیض حمید کے خلاف تمام شواہد پیش کیے گئے، گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے اور انہیں مکمل موقع دیا گیا کہ وہ اپنا دفاع کرسکیں۔ ان کے مطابق فیصلہ شواہد کے تناظر میں کیا گیا اور یہ ثابت کرتا ہے کہ ’’قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔‘‘

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جس شخص نے ریڈ لائن عبور کی، اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور وہ تمام الزامات کے مرتکب پائے گئے، جبکہ ٹاپ سٹی کیس میں بھی انہیں سزا سنائی گئی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات سے متعلق تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے، اور یہ فیصلہ اس حقیقت کو مضبوط کرتا ہے کہ ریاست اور اداروں کے سامنے کوئی استثنیٰ نہیں رکھتا۔

ٹیگز: