اشک آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے۔ ان کے استقبال کے لیے ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے ائیرپورٹ پر موجود تھے۔
وزیرِ اعظم آج ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دو طرفہ ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
کل وزیرِ اعظم اشک آباد میں بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے، جو بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد، عالمی دن برائے غیر جانبداری، اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اور معاونین خصوصی طارق فاطمی و طلحہ برکی بھی وفد میں شامل ہیں۔